کوئٹہ ٹریفک پولیس کو جدید سہولیات کی فراہمی، 15 نئی گاڑیاں، 10 ہیوی موٹر سائیکلیں اور 4 ریکوری لفٹرز حوالے

ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہر شہری کی ذمہ داری ہے، آئی جی بلوچستان

انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام ممکن ہے۔

کوئٹہ ٹریفک پولیس کے تینوں زونز سٹی، سریاب اور صدر کے لیے نئی گاڑیوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس نے کہا کہ ٹریفک کا منظم نظام کسی بھی معاشرے کے نظم و ضبط کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی وقت اور ایندھن کے ضیاع کے ساتھ جانی و مالی نقصانات کا سبب بنتی ہے۔

سیف سٹی نظام سے جدید نگرانی ممکن ہوگی

محمد طاہر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے تعاون سے پولیسنگ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ نئی گاڑیوں میں جدید آلات اور مانیٹرنگ کیمرے نصب ہیں، جنہیں سیف سٹی اتھارٹی کے نظام سے منسلک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کی نگرانی اور شاہراہوں پر روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور ٹریفک پولیس پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے شہر کے ٹریفک مسائل حل کریں۔ آئی جی نے مشکل موسمی حالات میں فرائض انجام دینے والے ٹریفک اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔

تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس نے کوئٹہ ٹریفک پولیس کے حوالے 15 نئی گاڑیاں، 10 ہیوی موٹر سائیکلیں اور 4 ریکوری لفٹرز کیے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر بریفنگ بھی دی۔

Spread the love

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے