ریاض ایئرپورٹ پر پروازوں کا بحران، متعدد طیاروں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا
سعودی عرب میں تازہ حملوں کے بعد فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا، دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ پر سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ متعدد پروازوں کا رخ جدہ، دمام اور مدینہ کے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
ریاض ایئرپورٹ کی 750 میں سے 446 پروازیں منسوخ
فلائٹ شیڈول کے مطابق اتوار کے روز ریاض ایئرپورٹ کی مجموعی 750 پروازوں میں سے 446 منسوخ ہوئیں۔ ریاض پہنچنے والی متعدد پروازوں کو جدہ، دمام اور مدینہ کے ہوائی اڈوں پر اتارا گیا، جبکہ دمام جانے والی بعض پروازوں کو لینڈنگ کے لیے انتظار کرنا پڑا۔
ریاض میں پروازوں کی اوسط تاخیر 170 منٹ ریکارڈ
پروازوں میں خلل کے باعث ریاض ایئرپورٹ دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ہوائی اڈوں میں پہلے نمبر پر آگیا۔ رپورٹ کے مطابق یہاں پروازوں کی اوسط تاخیر 170 منٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ پروازوں میں خلل کا انڈیکس پانچویں اور آخری سطح تک پہنچ گیا۔
جدہ، دمام اور مدینہ کے ایئرپورٹس بھی متاثر
فلائٹ شیڈول کے مطابق جدہ ایئرپورٹ کی 830 میں سے 92، دمام ایئرپورٹ کی 240 میں سے 39 اور مدینہ ایئرپورٹ کی 230 میں سے 26 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ریاض ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی اور فضائی آپریشن میں خلل کے باعث دیگر بڑے سعودی ہوائی اڈوں کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے، جس سے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
