اسلام آباد میں تاجکستان کے یومِ آزادی کی 35ویں سالگرہ کی تقریب، تاریخی و ثقافتی روابط کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، توانائی اور علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے پر زور
تاجکستان کے یومِ آزادی کی 35ویں سالگرہ کی تقریب
اسلام آباد میں تاجکستان کے یومِ آزادی کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور تعاون کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال تھے، جبکہ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان اور سینیٹر طلحہ محمود بھی شریک ہوئے۔تقریب کی میزبانی پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے کی۔ تقریب میں سفارتکاروں، اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تاجکستان کی آزادی کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا، جس میں احسن اقبال، سفیر یوسف شریف زادہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون بڑھانے پر زور
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستان اور تاجکستان کے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔مقررین نے کہا کہ دونوں ممالک کی جغرافیائی قربت اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ بہتر علاقائی رابطوں سے تجارت میں سہولت، عوامی روابط میں اضافہ اور خطے میں معاشی تعاون کو فروغ مل سکتا ہے۔سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، کیونکہ دونوں ممالک تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے اور قدرتی مناظر سے مالا مال ہیں۔ تاجک سفیر یوسف شریف زادہ نے پاکستان کی جانب سے تاجکستان کے عوام کے لیے مسلسل تعاون اور گرمجوشی پر اظہارِ تشکر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر تاجکستان اور اس کے عوام کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
