بلوچستان کی بیٹی اقصیٰ میروانی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا، روم میں ’’Hundred Women Heroes Award 2026 ‘‘ وصول کر لیا

آواران سے روم تک کا قابلِ فخر سفر، اقوامِ متحدہ کے ادارے ایف اے او کی جانب سے خواتین اور زرعی و غذائی نظام میں خدمات کا اعتراف

بلوچستان: بلوچستان کے دورافتادہ ضلع آواران سے تعلق رکھنے والی اقصیٰ میروانی نے اٹلی کے شہر روم میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کا باوقار Hundred Women Heroes Award 2026 وصول کرکے بلوچستان اور پاکستان کے لیے اعزاز حاصل کیا ہے۔

یہ اعزاز خواتین کی خدمات، دیہی ترقی اور زرعی و غذائی نظام (Agrifood Systems) میں نمایاں کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ اقصیٰ میروانی کی عالمی سطح پر پذیرائی کو بلوچستان، بالخصوص آواران جیسے دورافتادہ علاقے کی خواتین کے لیے امید اور حوصلے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

آواران سے عالمی افق تک، عزم اور محنت کی مثال

اقصیٰ میروانی کا بین الاقوامی سطح پر اعزاز حاصل کرنا اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ صلاحیت، عزم اور مسلسل محنت جغرافیائی حدود کی پابند نہیں۔ بلوچستان کے ایسے علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود جہاں خواتین کو تعلیم، ترقی اور مواقع کے حصول میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اقصیٰ میروانی نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

ان کی کامیابی آواران سمیت بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کی ان نوجوان لڑکیوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے جو محدود وسائل کے باوجود بڑے خواب دیکھتی ہیں اور اپنے علاقے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

عالمی فورم پر روایتی بلوچی دوچ کے ذریعے ثقافتی شناخت اجاگر

اقصیٰ میروانی نے اعزاز کی تقریب میں روایتی بلوچی دوچ زیبِ تن کرکے اپنی ثقافتی شناخت، روایات اور بلوچ ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ ان کی یہ نمائندگی بلوچستان کی ثقافت اور روایات کی اہمیت کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کا ایک قابلِ فخر لمحہ تھی۔

انہوں نے بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں، تربیت اور رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کے مطابق والدین کی حوصلہ افزائی اور اعتماد نے ان کے سفر میں بنیادی کردار ادا کیا۔

Spread the love

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے