اسحاق ڈار اجلاس کی صدارت کریں گے، رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوگی
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط مضبوط بنانے سے متعلق اہم امور زیرِ غور آئیں گے۔
دو روزہ اجلاس میں اہم علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی صدارت کریں گے۔ دو روزہ نشستوں کے دوران رکن ممالک کے نمائندے تجارت، ٹرانسپورٹ، علاقائی رابطوں اور سیکیورٹی سے متعلق درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس کا مقصد خطے میں مشترکہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
قازقستان، ترکیہ اور عالمی تنظیموں کے نمائندے اسلام آباد پہنچ گئے
اجلاس میں شرکت کے لیے مختلف رکن ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے اعلیٰ سطح کے وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ قازقستان کے نائب وزیر خارجہ ارمان ایساگالیف اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وہ اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
اسی طرح ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا، شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد سعید مرادزودا اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد بھی وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات
غیر ملکی مہمانوں اور وفود کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد ایئرپورٹ پر دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اہم بین الاقوامی اجلاس کے انعقاد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
