بلوچستان میں بارشوں کی شدید کمی، آئندہ تین ماہ صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان
بلوچستان میں بارشوں کی مسلسل کمی کے باعث خشک سالی کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین ماہ کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے، جس کے اثرات زراعت، پانی کے ذخائر اور مال مویشی پالنے والے خاندانوں پر مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ نومبر کے ابتدائی 20 روز میں بارشوں کی شرح معمول سے 79 فیصد کم رہی۔
سندھ میں بارشوں کی غیر معمولی کمی
بلوچستان کے ساتھ سندھ بھی خشک سالی کے خطرے سے دوچار ہے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد کم بارشیں ہوئیں، جبکہ اکتوبر میں بارشوں کی شرح میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح یکم سے 20 نومبر تک سندھ میں معمول کے مقابلے میں 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں، جس سے صوبے میں خشک سالی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
جنوبی پنجاب میں بھی صورتحال تشویشناک
محکمہ موسمیات نے دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
بارشوں کی کمی کے باعث گندم سمیت ربیع سیزن کی دیگر فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ زمین میں نمی کی سطح کم ہونے کے ساتھ زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
بارانی علاقوں اور مال مویشی پالنے والوں کو زیادہ خطرات
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بارانی علاقوں میں کاشت کاری کرنے والے کسانوں اور مال مویشی پالنے والے خاندانوں کو خشک سالی کے باعث زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے صوبائی حکومتوں کو تجویز دی ہے کہ وہ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادیوں کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جاسکیں۔
پانچ دسمبر کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق جاری کردہ خشک سالی کا الرٹ احتیاطی اور پیشگی اطلاع کے طور پر جاری کیا گیا ہے، اسے کسی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہ سمجھا جائے۔
