بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت سنجاوی میں صاف پانی اور اُستامحمد میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کے منصوبوں پر کام جاری

سنجاوی میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے عملی اقدامات

ضلع سنجاوی کے کلی پاسرہ اور ملحقہ علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) فیز تھری کے تحت اوپن بورنگ کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ منصوبے کا مقصد علاقے میں پانی کی قلت پر قابو پانا اور مقامی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی سہولت ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔

اوپن بورنگ کی تکمیل کے بعد پانی کی فراہمی کا نظام فعال بنایا جائے گا، جس سے علاقے کے رہائشیوں کو صاف اور محفوظ پانی میسر آسکے گا اور روزمرہ زندگی میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث پیش آنے والی مشکلات میں کمی آئے گی۔

بنیادی عوامی ضرورت کی تکمیل، مقامی آبادی کا خیرمقدم

بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے کو علاقے کی ایک اہم بنیادی ضرورت کی تکمیل کی جانب پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں نے منصوبے پر کام کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بورنگ کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرکے جلد پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔

اُستامحمد میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کی تعمیر جاری

دوسری جانب ضلع اُستامحمد میں تعلیمی سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ڈیجیٹل لائبریری تعمیر کی جا رہی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے طلباء و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیقی مواد اور معلوماتی ذرائع تک رسائی کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل

صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی کی ہدایات پر ضلع اُستامحمد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے سردارزادہ ضرار خان جمالی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو مختلف منصوبوں کا دورہ کرکے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے۔

زیر تعمیر ڈیجیٹل لائبریری کا معائنہ

اسی سلسلے میں سردارزادہ ضرار خان جمالی نے اسسٹنٹ کمشنر اُستامحمد ماریہ شمون کے ہمراہ زیر تعمیر ڈیجیٹل لائبریری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات کے لیے مختص سہولیات اور مجوزہ شعبہ جات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمون نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری اُستامحمد کے عوام، بالخصوص طلباء و طالبات کے لیے ایک اہم تعلیمی سہولت ثابت ہوگی، جہاں نئی نسل جدید علوم، تحقیقی مواد اور معلوماتی وسائل سے استفادہ کرسکے گی۔

طلباء اور طالبات کے لیے الگ الگ پورشن مختص

منصوبے کے تحت ڈیجیٹل لائبریری میں طلباء اور طالبات کے لیے علیحدہ علیحدہ حصے مختص کیے جا رہے ہیں، جہاں انہیں پُرسکون اور سازگار ماحول میں مطالعے، تحقیق اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے جدید معلومات حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

Spread the love

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے