برداشت اور احترامِ انسانیت ہی پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

عالمی یومِ برداشت پر پیغام، مذہبی و ثقافتی تنوع کو پاکستان کا قومی سرمایہ قرار دے دیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات صبر، برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ اختلافِ رائے اور نظریات کے باوجود دوسروں کے عقائد کا احترام کرنا ہی حقیقی رواداری کی علامت ہے۔

عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام، انسانی وقار اور معاشرے میں رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیتا ہے

شہباز شریف نے کہا کہ آئینِ پاکستان رنگ، مذہب اور طبقے کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کا مذہبی، ثقافتی اور لسانی تنوع ہماری قومی طاقت اور قیمتی اثاثہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی کے عمل کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت ہے۔

نوجوانوں اور علمائے کرام سے رواداری کے فروغ کی اپیل

وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے سے تعصب کے خاتمے، باہمی افہام و تفہیم اور احترامِ انسانیت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ نفرت اور تشدد کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے برداشت، بھائی چارے اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Spread the love

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے