ہڑپہ اور موہنجو دڑو کی قدیم تہذیبوں سے ملنے والے مہروں اور علامات پر چینی تحقیق کا انگریزی ایڈیشن بیجنگ میں جاری کردیا گیا۔
قدیم مہروں اور علامات پر چینی تحقیق
تحقیق پر مبنی کتاب Study of Ancient Seal Script Symbols from Harappa and Mohenjo-daro: Exploration of the Indus Valley Script Origins کا انگریزی ایڈیشن بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور اندرونی منگولیا ہونڈر کالج آف آرٹس اینڈ سائنسز کے صدر و محقق ژو یوشو نے مشترکہ طور پر کتاب کی رونمائی کی۔
401 مہروں اور 132 علامات کا مطالعہ
محقق ژو یوشو کے مطابق ان کی ٹیم نے ہڑپہ اور موہنجودڑو سے ملنے والی 401 نسبتاً مکمل مہروں کا منظم مطالعہ کیا اور 132 الگ الگ علامات کی تشریح کی۔تحقیق میں ان علامات کو 10 مختلف موضوعاتی زمروں میں تقسیم کیا گیا، جن میں آباؤ اجداد، زرخیزی، بجلی کے دیوتا اور ٹوٹم پرستی شامل ہیں۔تحقیق میں بعض مہروں کی علامات کا موازنہ چین کی قدیم ہونگ شان تہذیب سمیت دیگر قبل از تاریخ ثقافتوں کے عناصر سے بھی کیا گیا ہے۔
قدیم چین اور وادی سندھ کے ممکنہ روابط
ژو یوشو کے مطابق تحقیق میں بعض علامات اور روایتی چینی ثقافتی علامتوں، جن میں ڈریگن، فینکس اور ژوان نیاؤ شامل ہیں، کے درمیان مماثلت کی نشاندہی کی گئی ہے۔محققین نے بعض علامات کو قدیم قبائلی ناموں، جن میں ’شانگ‘ اور ’ژو‘ شامل ہیں، سے ممکنہ طور پر جوڑنے کی بھی تجویز دی ہے۔محقق کے مطابق تحقیق کے نتائج چین کے لیاوھے اور زرد دریا کے علاقوں کی قبل از تاریخ آبادیوں اور وادی سندھ کے لوگوں کے درمیان تقریباً 5 ہزار سال قبل ممکنہ ثقافتی روابط کی نشاندہی کرتے ہیں۔
پاک چین علمی روابط میں ایک اور پیش رفت
سفیر خلیل ہاشمی نے ژو یوشو اور ان کی ٹیم کو تحقیق پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کتاب ہڑپہ اور موہنجودڑو سے ملنے والے مہروں اور علامات کا چین کی ہونگ شان تہذیب سے موازنہ پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق پاکستان اور چین کے درمیان قدیم تاریخی روابط پر مزید غور کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔ کتاب کا انگریزی ایڈیشن بیرون ملک محققین اور وادی سندھ کی تہذیب میں دلچسپی رکھنے والے قارئین تک تحقیق کی رسائی بڑھانے میں مدد دے گا۔
