نوجوانوں کو تھیٹر، موسیقی اور ڈرامہ نگاری کی جدید تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ میں بلوچستان کے ثقافتی ورثے کے فروغ اور نوجوان فنکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈائریکٹوریٹ آف کلچر، حکومتِ بلوچستان اور نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس سلسلے میں نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس کوئٹہ میں تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت سیکرٹری ثقافت حمید اللہ ناصر نے کی۔ معاہدے کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو تھیٹر، موسیقی اور ڈرامہ نگاری سمیت فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں جدید تربیت فراہم کرنا اور صوبے کے ثقافتی ورثے کو قومی و عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
ثقافت اور سیاحت کے فروغ میں اہم پیش رفت
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ثقافت حمید اللہ ناصر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کے شعبے میں بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔
بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ناپا نمائندگان
ناپا کی نمائندہ روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ بلوچستان کے لیے کچھ کریں، جو اس معاہدے کی صورت میں پوری ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے صوبے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
ناپا کے نمائندے سید جاوید اقبال نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف اسے تلاش کرنے اور مناسب تربیت کے ذریعے نکھارنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناپا صوبے کے فنکاروں کو آگے لانے اور بلوچستان کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
کوئٹہ میں ناپا کے دفتر کا افتتاح
تقریب کے اختتام پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جبکہ کوئٹہ میں ناپا کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔ بعد ازاں ناپا کے نمائندوں نے ڈائریکٹوریٹ آف کلچر کا دورہ کیا۔
محکمہ ثقافت بلوچستان اور ناپا کے درمیان یہ معاہدہ صوبے میں فنونِ لطیفہ کے فروغ، نوجوان فنکاروں کی تربیت اور بلوچستان کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی جانب اہم قدم ہے۔
