بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) فیز تھری کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے، مستونگ میں سڑک کی تعمیر جبکہ سنجاوی اور زیارت میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت حکومت بلوچستان دور دراز علاقوں میں عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے، جن کا مقصد بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل کا حل ہے۔
مستونگ میں ڈی سی روڈ کی تعمیر کا معائنہ
مستونگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد افضل سرپرہ نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی آصف حسن سارنگزئی اور انجینئر بی اینڈ آر سعید احمد لہڑی کے ہمراہ ڈی سی روڈ کی تعمیر کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بہرام سلیم کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ معائنے کے دوران ڈی سی روڈ پر سیوریج سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کیے گئے۔ متعلقہ فرم کو سڑک کی تعمیر مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سنجاوی کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی
سنجاوی میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت کلی کنوبی، غبرگ اور نری ڈاک میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بورنگ کا عمل جاری ہے۔ ان علاقوں میں پہلے پانی کی فراہمی کا کوئی باقاعدہ انتظام موجود نہیں تھا، جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ ضروریات کیلئے پانی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔منصوبوں کی تکمیل سے ان علاقوں کے مکینوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا اور پانی کی قلت کے ساتھ صحت و صفائی سے متعلق مسائل میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
The initiative is extending essential infrastructure and water access to communities across Balochistan.
زیارت میں پینے اور آبپاشی کے پانی کے منصوبے
زیارت کے کلی سسنک منہ اور کلی زندار میں بھی پانی کی دستیابی بہتر بنانے کیلئے بورنگ کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ کلی سسنک منہ میں مقامی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے جبکہ کلی زندار میں زراعت اور کھیتوں کی آبپاشی کیلئے بورنگ کی جا رہی ہے۔منصوبوں کی تکمیل سے ایک جانب مقامی آبادی کو پینے کے پانی کی سہولت میسر آئے گی تو دوسری جانب زمینداروں کو زرعی سرگرمیوں کیلئے پانی دستیاب ہوگا۔
