امریکا اور ایران کے تنازع کا جلد حل نکلنے کی امید ہے، پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، اسحاق ڈار

پاکستان مذاکرات اور کثیرالجہتی سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، نائب وزیراعظم کا یورونیوز کو انٹرویو

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا جلد سفارتی حل نکل آئے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔

21 گھنٹے کے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی

یورونیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں پاکستان کی شرکت ممکن ہوئی۔ 10 اور 11 اپریل کو ہونے والی بات چیت تقریباً 21 گھنٹے جاری رہی، جس میں متعدد نکات پر پیش رفت بھی ہوئی، تاہم فریقین کے اختلافات کے باعث حتمی اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی کوششیں جاری رکھیں اور بعد ازاں اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر بھی اتفاق ہوا۔

چین کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں امن کا پانچ نکاتی اقدام

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان نے چین کے تعاون سے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پانچ نکاتی تجویز بھی پیش کی۔ سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے بھی رابطے کیے گئے تاکہ تنازع کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جاسکے۔

جنگ کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی قیمتوں پر مرتب ہوئے

نائب وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے باعث توانائی کی فراہمی متاثر ہوئی اور قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت پاکستان کم آمدنی والے طبقوں کو توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے ریلیف دینے کے لیے سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عالمی تعلقات

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور بلاک سیاست کے بجائے کثیرالجہتی سفارتکاری کا حامی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے، جبکہ چین کے ساتھ 75 سالہ تعلقات بھی برقرار ہیں۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے نئے سیکیورٹی نظام اور مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔

Spread the love

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے