وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فتح تھری سپرسانک کروز میزائل کے کامیاب تجربے کو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے پوری قوم، پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔
کوئٹہ سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتح تھری میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی، قومی خود انحصاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک سپرسانک رفتار سے انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی پیش رفت
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فتح تھری کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ یہ پیش رفت پاکستان کے روایتی دفاعی نظام اور مؤثر دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے قومی سلامتی اور دفاع کیلئے ہمیشہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ دفاعی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے، اور فتح تھری کا کامیاب تجربہ اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
The successful missile test highlights Pakistan’s focus on strengthening defence technology and national security.
سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو سراہا
میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور پاک فوج کی قیادت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اہم کامیابی میں متعلقہ اداروں اور ٹیموں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی دفاع کے شعبے میں سائنسدانوں، انجینئرز اور عسکری ماہرین کی محنت اور لگن ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط دفاع، قومی یکجہتی اور جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ذریعے پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کیلئے صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتا رہے گا۔
