کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون اقصیٰ میر وانی نے اٹلی کے شہر روم میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کا 100 ویمن ہیروز ایوارڈ 2026 حاصل کر لیا۔
اقصیٰ میر وانی ضلع آواران کی تحصیل جھاؤ سے تعلق رکھتی ہیں اور پیشے کے اعتبار سے کسان، سماجی کاروباری شخصیت اور کمیونٹی لیڈر ہیں۔ انہیں یہ ایوارڈ روم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل، کیو ڈونگیو نے پیش کیا۔ یہ تقریب ’2026، خواتین کسانوں کے بین الاقوامی سال‘ کے حوالے سے منعقد کی گئی تھی۔
اقصیٰ میر وانی 131 ممالک سے شریک ہونے والے افراد میں واحد پاکستانی خاتون تھیں، جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کا ’100 ویمن ہیروز‘ اقدام زرعی و غذائی شعبے اور دیہی ترقی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی خواتین کی خدمات کو تسلیم کرتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے مواقع بڑھانے، غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، روایتی علم و ہنر کے تحفظ، قدرتی وسائل کی حفاظت اور دیہی آبادی کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں ان کی کوششوں کو سراہنا ہے۔
یہ عالمی اعزاز اقصیٰ میر وانی کی دیہی ترقی کے لیے خدمات اور زرعی و غذائی نظام میں مثبت تبدیلی لانے کے کردار کا اعتراف ہے۔
اقصیٰ میر وانی کی یہ کامیابی بلوچستان کی خواتین کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے اور اسے صوبے کی خواتین کی صلاحیتوں، محنت اور عزم کا عالمی سطح پر اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔
