قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کا جامع لائحہ عمل آئندہ ہفتے پیش کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت کے ساتھ جامع لائحہ عمل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی قدرتی وسائل کو برآمدات اور معاشی ترقی کا ذریعہ بنانے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
کان کنی سے برآمدات تک مربوط نظام بنانے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے جاری منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، تاہم غیر معیاری طریقوں سے کان کنی اور قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ کے باعث ملک کو سالانہ اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کان کنی سے لے کر پتھروں کی تراش خراش، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات تک ایک مربوط نظام تشکیل دیا جائے۔
برانڈ پاکستان اور سینٹرز آف ایکسیلینس کا قیام
وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کی عالمی منڈی میں پاکستان کی شناخت مضبوط بنانے کے لیے برانڈ پاکستان کے تحت اقدامات تیز کرنے اور ویلیو ایڈیشن کے لیے سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کا لائحہ عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پائلٹ پراجیکٹس اور ماڈل مائنز کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔
سکردو میں سینٹر آف ایکسیلینس کی تعمیر جلد شروع ہوگی
اجلاس کو بتایا گیا کہ حسین آباد، سکردو میں سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے لیے 4.8 کنال زمین منتقل ہو چکی ہے، جبکہ منصوبے کے لیے فنڈز بھی دستیاب ہیں اور تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے گا۔ آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں بھی منصوبوں کے لیے زمین کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ اسلام آباد میں مستقل مرکز کی تعمیر مکمل ہونے تک متبادل مقام پر اسے فعال بنایا جائے گا۔
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں نئے ذخائر کی نشاندہی
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں قیمتی پتھروں کے ممکنہ ذخائر کی جیولوجیکل میپنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس کے تحت آٹھ نئے بلاکس کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں قیمتی پتھروں کی دریافت کے لیے مزید کام کیا جائے گا۔
ایک ارب روپے مختص، 80 بینک برانچوں میں سہولت ڈیسک قائم
حکام کے مطابق شعبے کی ترقی کے لیے رواں سال پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سات شہروں میں دس بینکوں کی 80 شاخوں میں ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
آئندہ ہفتے جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبے کی ترقی، سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام اور برآمدات میں اضافے کے لیے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ آئندہ ہفتے پیش کیا جائے، تاکہ پاکستان کے قیمتی قدرتی وسائل کو عالمی منڈی میں مؤثر انداز سے متعارف کروا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
