دیہی علاقوں میں کم آمدن والی آبادی کی بڑی تعداد مقیم، خوراک پر آمدن کا 70 سے 80 فیصد خرچ کرنے پر مجبور
عالمی بینک کے مطابق 2024 میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے خطے میں غربت کی شرح عالمی اوسط سے زیادہ رہی
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کم آمدن والے طبقات کو مہنگائی، غذائی ضروریات اور معاشی عدم استحکام کے باعث مختلف سماجی و معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی کم آمدن والی آبادی کا تقریباً 80 فیصد دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے، جہاں محدود وسائل اور آمدنی کے مسائل ان کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں۔
خوراک کی قیمتوں میں اضافہ غریب طبقے کے لیے بڑا چیلنج
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق معاشرے کا متمول طبقہ اپنی آمدن کا تقریباً 20 سے 30 فیصد خوراک پر خرچ کرتا ہے، جبکہ متوسط اور غریب گھرانوں کی ایک بڑی تعداد اپنی مجموعی آمدن کا 70 سے 80 فیصد حصہ غذائی ضروریات پوری کرنے پر صرف کرتی ہے۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدن والے خاندان زیادہ متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ ان کے بجٹ کا بڑا حصہ بنیادی ضروریات پوری کرنے میں خرچ ہو جاتا ہے، جس کے باعث تعلیم، صحت اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے وسائل محدود رہ جاتے ہیں۔
خطے میں غربت میں کمی کی پیش رفت متاثر
عالمی بینک کے مطابق اکیسویں صدی کی پہلی دہائی کے دوران مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAAP) کے خطے میں غربت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم 2019 کے بعد یہ پیش رفت متاثر ہوئی اور کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں غربت کی شرح میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں خطے کی 14.3 فیصد آبادی یومیہ تین ڈالر سے کم آمدن پر گزارہ کر رہی تھی، جبکہ عالمی سطح پر یہ شرح 10.4 فیصد رہی۔ اسی طرح خطے میں 26.9 فیصد آبادی کی یومیہ آمدن 4.20 ڈالر تھی، جبکہ عالمی سطح پر یہ شرح 18.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
2026 میں غربت کے چیلنجز برقرار رہنے کا خدشہ
عالمی بینک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غربت سے متعلق منفی رجحانات 2026 میں بھی برقرار رہ سکتے ہیں، جس کے باعث کم آمدن والے طبقات کے لیے معاشی مشکلات میں کمی لانے کی کوششیں مزید اہم ہو گئی ہیں۔
کم آمدن والے طبقات کی معاشی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات
پاکستان میں غربت میں کمی، روزگار کے مواقع بڑھانے اور کم آمدن والے طبقات کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد مستحق خاندانوں کے لیے آمدنی کے ذرائع میں اضافہ، معاشی مواقع تک رسائی بہتر بنانا اور بنیادی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق غربت کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ، دیہی معیشت کی مضبوطی، مہنگائی کے اثرات میں کمی اور کم آمدن والے خاندانوں کو مؤثر سماجی تحفظ فراہم کرنا اہمیت رکھتا ہے
