DAHÑ TV داہن ٹی وی یونیورسٹی آف مکران، پنجگور میں HAT اور GET کے سیشنز مکمل کرنے والے 110 طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم
پنجگور: یونیورسٹی آف مکران، پنجگور میں قائم "حب فار اکیڈمک ٹرانسفارمیشن” (HAT) اور "گرومنگ فار ایموشنل ٹرانسفارمیشن” (GET) سینٹرز کے سیشنز مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریبِ تقسیمِ اسناد کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پنجگور رائفلز بریگیڈیئر نادر محی الدین تھے، جبکہ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر میر سادات بلوچ بھی موجود تھے، تقریب میں یونیورسٹی آف مکران کے فیکلٹی ارکان سمیت سیشنز میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کیا۔
حب فار اکیڈمک ٹرانسفارمیشن (HAT) پروگرام کے تحت چار ماڈیولز مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں، جن میں اکیڈمک رائٹنگ، پریزنٹیشن اسکلز، ایکٹو لسننگ اور اسائنمنٹ و پروجیکٹس تیار کرنے کے تکنیک شامل ہیں۔ اسی طرح (GET) کے مختلف سیشنز مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں بھی اسناد تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پنجگور رائفلز بریگیڈیئر نادر محی الدین نے طلبہ میں اسناد تقسیم کیے اور ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کیا۔
تقریب میں (HAT) کے انسٹرکٹر فراز سرور، سسّی اعجاز، جویریہ احمد علی گچکی کو انسٹرکٹر کے اسناد دیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی (GET) کے کلینیکل سائیکالوجسٹ عمائمہ عبدالغفار کو بھی سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا۔
یونیورسٹی آف مکران میں قائم HAT اور GET سینٹرز پنجگور رائفلز کے خصوصی تعاون سے جاری ہیں۔ HAT کا مقصد طلبہ کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں اظہارِ خیال، مؤثر کمیونیکیشن، توجہ سے سننے اور عملی منصوبوں میں مہارت دینا ہے، تاکہ وہ اپنی تعلیمی زندگی میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔ GET کا مقصد طلبہ کی جذباتی، ذہنی اور نفسیاتی نشوونما کرنا ہے اور ان میں خود اعتمادی اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پنجگور رائفلز بریگیڈیئر نادر محی الدین نے اپنے خطاب میں سند حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نوجوان نسل ہی علاقے کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ذہنی، جذباتی اور اخلاقی تربیت بھی ناگزیر ہے، کیونکہ اسی سے ایک متوازن اور باصلاحیت شخصیت تشکیل پاتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی اور یقین دلایا کہ پنجگور رائفلز ایسے تعمیری اقدامات میں یونیورسٹی آف مکران کے ساتھ اپنا تعاون آئندہ بھی جاری رکھے گی۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے اپنے خطاب میں پنجگور رائفلز کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ HAT اور GET طلبہ کی تعلیمی، فکری اور شخصی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سند حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پنجگور رائفلز بریگیڈیئر نادر محی الدین کو یونیورسٹی کی جانب سے شیلڈ پیش کیا۔
